سرینگر//وادی میں مقیم سکھ برادری نے جمعہ کو گوروگوبند سنگھ جی کا جنم دن”گوروپورب“مذہبی عقیدت و احترام اور انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا جس کے دوران وادی بھرکے گورودواروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ سکھوں کے دسویںگورو ،گوروگوبند سنگھ جی کے یوم پیدائش کے سلسلے میں گوردواروں میںدن بھرخصوصی مجالس کے دوران پاٹ پڑھے گئے جس میں سکھ مذہب سے وابستہ لوگوں کی بھاری تعداد نے حصہ لیا۔وادی بھر کے گورودواروں پر علی الصبح سے ہی سکھ برادری سے وابستہ مردوزن،بوڑھوں اور بچوں کی بڑی تعدادکی موجودگی کے پیش نظرغیر معمولی گہما گہمی اور جوش و خروش نظر آیا۔اس دوران شبد کیرتن، پاٹ اور دیوان بھی منعقد ہوئے جبکہ ان تقریبات میں حصہ لینے والے لوگوں کے لئے لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔سرینگر میںسب سے بڑی تقریب پائین شہر کے کاٹھی دروازہ علاقے میں قائم گورودوارہ چھٹی پادشاہی میں منعقد ہوئی جہاںدن بھر ہزاروں عقیدتمندوں نے حاضری دی۔ جواہر نگر، باغات اور امیرا کدل کے گورودواروں میں بھی سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا دن بھر تانتا بندھا رہا ،وہاں بھی گورو گرنتھ کے پاٹ پڑھے گئے جبکہ دن بھر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے حاضری دے کر ماتھا ٹیکا۔اسکے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں قائم گورودواروں میں بھی گورو پورب کی نسبت خاص تقریبات منعقد ہوئیں۔بارہمولہ میں گوروپورب کے سلسلے میں ضلع کی سب سے بڑی تقریب گورودوارہ چھٹی پادشاہی توحید گنج اولڈ ٹاﺅن میں منعقد ہوئی جہاں صبح سے ہی سکھ برادری سے وابستہ مردوزن کا تانتا بندھا رہا اور شبد کیرتن کا سلسلہ پورا دن جاری رہا۔ضلع کے سنگھ پورہ ، قلم چکلہ اور اوڑی کے علاوہ کپوارہ اور رفیع آباد کے کئی علاقوں میں گوروپورب کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اسی طرح کی تقریبات، پٹن، اننت ناگ، شوپیان اور دیگر گوردواروں میں بھی منعقد ہوئیں جن میں شرکت کرنے والوں لوگوں کیلئے قیام وطعا م کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ان تقریبات کے دوران مختلف علاقوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور کئی جگہوں پر مقامی مسلمانوں نے بھی تقریبات میں شامل ہوکر مذہبی رواداری سے متعلق وادی کی روایات کو زندہ رکھا۔ادھر جنوبی قصبہ ترال سے کے ایم این نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ سیموہ اور کنگلورہ نامی علاقوں میں قائم گورودواروں میں گوروگوبند سنگھ جی کے یوم پیدائش کے سلسلے میں پروقار تقریبات منعقد ہوئی جس کے دوران مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سکھ برادری کے لوگوں نے گورودوارے میں حاضری دی۔قابل ذکر ہے کہ ترال قصبہ میں سکھ برادری سے وابستہ لوگوں کی خاصی تعداد رہائش پذیر ہے اور وہاں سکھوں کے مذہبی تہواروں کے موقعہ پر غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے کو ملتا ہے۔یہاں مقامی مسلمانوں نے ان تقریبات میں حصہ لیکر سکھوں کو مبارکباد دی۔