’گوروپورب‘ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

صوبائی کمشنر اورڈی سی سرینگر نے انتظامات کا جائزہ لیا

 
سرینگر//وادی میں مقیم سکھ برادری نے ہفتہ کو گوروگوبند سنگھ جی کا352واں جنم دن ’گوروپورب‘ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جس کے دوران برف باری کے باوجود شہرکے گورودواروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ گورودواروں پر علی الصبح سے ہی مردوزن،بوڑھوں اور بچوں کی بڑی تعدادکی موجودگی کے پیش نظرغیر معمولی گہما گہمی اور جوش و خروش نظر آیا۔اس دوران شبد کیرتن اور دیوان بھی منعقد ہوئے جبکہ ان تقریبات میں حصہ لینے والے لوگوں کے لئے لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ برفباری کے بیچ سب سے بڑی تقریبات پائین شہر کے کاٹھی دروازہ علاقے میں قائم گورودوارہ چھٹی پادشاہی ،جواہر نگراور باغات سرینگر میں منعقد ہوئیں۔گورودوارہ چھٹی پادشاہی میں منعقدہ تقریب کے دوران سکھوں نے ترال میں گذشتہ دنوں نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں مارے گئے سکھ نوجوان کی ہلاکت پر مشترکہ مزاحتمی قیادت کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔آل پارٹیز سکھ کارڈی نیشن کمیٹی کے چیرمین جگ موہن سنگھ رینہ نے کہا کہ کشمیری سکھ کشمیر کا حصہ ہیں اور انہوں نے ہمیشہ کشمیری مسلم بھائیوں کے ساتھ کندھے کے ساتھ کندھا ملا یا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم افراد کو نے نقاب کرنے کی مانگ کررہے ہیں جنہوں نے ترال میں ایک سکھ نوجوان کو گولیاں مار کر ہلاک کیا ۔ شہر کے دیگر علاقوں میں قائم گورودواروں میں بھی گورو پورب کی نسبت خاص تقریبات منعقد ہوئیں۔ادھر صوبائی کمشنر بصیر احمد خان ،ڈپٹی کمشنر سرینگر اور انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران نے گورودوارہ چھٹی پادشاہی میں حاضری دی اور یہاں کئے گئے انتظامات کا معاینہ کیا ۔