بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ضلع سرنکوٹ کے دور افتادہ علاقہ بیر پنچایت بتیڑ میں گورنمنٹ مڈل سکول کی حالت خراب ہونے پر مکینوں میں عبدالغنی کے علاوہ کئی مکینوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال سے تعمیر شدہ سکول دن بدن طلباء کے لئے مصیبت بن رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ لگ بھگ 125کے قریب کے طلاب زیر تعلیم ہیں۔ مذکورہ سکول میں ریاضی اور سائنس پڑھانے والے اساتذہ تک موجود نہیں ہیں۔ جو اساتذہ ہیں وہ اٹیچمنٹ پر تعینات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ طلباء کی ابتدائی نصابوں میں ایک اہم نصاب ریاضی اور سائنس ہے جس کی اچھی بنیاد آٹھویں جماعت تک پڑھانے کی ہوتی ہے۔ بد قسمتی سے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ آفیسران اپنی ملی بھگت سے ٹیچر کو واپس اپنی حقیقی تعیناتی پر نہیں بھیج رہے ہیں جس سے طلباء کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی زون بفلیاز کے زونل ایجوکیشنل آفیسرو چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ سے کئی مرتبہ اپیل کی گئی کہ ریاضی اور سائنس کے اساتذہ کو گورنمنٹ مڈل سکول بیر میں واپس تعینات کیا جائے تاکہ طلباء کی تعلیم متاثر نہ ہو لیکن محکمہ طفل تسلیاں دے کر لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ اساتذہ کی اسامیاں خالی ہونے کے ساتھ ساتھ سکول کی حالت بھی ناگفتہ بہہ ہے۔ انھوں نے کہاکہ بیر ایک واحد ایسا علاقہ ہے جو ہر طرح سے پچھڑاہوا ہے جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ سرکار نے لاکھوں روپے مالیت سے سکول تعمیر توکیا لیکن سکول کی عمارت عدم پیروی کے باعث مزید برباد ہونے کے دہانے پر ہے۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ روز مقامی مکینوں نے مل کرسکول کی عمارت کو بند کرنا چاہا لیکن ہم ایک بار پھر انتظامیہ خبردار کر دینا چاہتے ہیں کہ سکول میں اساتذہ کی اسامیاں پر کی جائیں اور سکول کی سر نو مرمت کی جائے ۔