راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے اتوار کو گوجر منڈی چوک سے عبداللہ پل اور جھولا پل تک بڑے پیمانے پر ناجائز تجاوزات مخالف مہم شروع کی جس دوران 73غیر قانونی ڈھانچے منہدم کئے گئے جبکہ کروڑوں روپے مالیت کی اراضی بازیاب کروائی گئی ۔انتظامیہ کے مطابق یہ مہم سڑکوں کی کشادگی کے مقصد کیلئے شروع کی گئی ہے ۔یہ مہم پورا دن چلائی گئی جس دوران پندرہ کنال اہم اراضی بازیاب کرنے کادعویٰ کیاگیاہے ۔اس سلسلے میں تحصیلدار راجوری ، ایگزیکٹو افسر میونسپل کمیٹی اور فیلڈ سٹاف پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے اس مہم کا آغاز کیا جس کے ہمراہ ایس ڈی پی او منجاکوٹ کی قیادت میں پولیس نفری ، پی ایچ اور محکمہ بجلی کی ٹیمیں بھی تھیں ۔اس دوران کل تہتر ڈھانچے منہدم کئے گئے جو انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی تھے ۔انتظامیہ کے مطابق اس علاقے میںایک سرکاری محکمہ نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آٹھ دکانیں تعمیر کیں ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری اور ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بھی ناجائز تجاوزات مخالف مہم کا جائزہ لیا ۔اس مہم کے دوران درجنوں مشینیں اور پولیس و سی آر پی ایف کی بھاری نفری تعینات رکھی گئی تھی ۔