سرینگر //کلچرل اکیڈمی کے شعبہ پہاڑی میں ایک تعزیتی اجلاس تحصیلدار اوڑی عبدالرشید بٹ منعقد ہوا جس میں معروف گوجر لیڈر اور سابق ایم ایل سی عبدالرحمان بڈھانہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔معروف گوجر لیڈر بڈھانہ کا انتقال جمعہ کے روز ہوا تھا ۔تعزیتی اجلاس کے دوران مفتی شفیق الرحمان نے غمزدہ اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ تعزیتی اجلاس میں وادی کے مختلف علاقوں سے آئے گوجر اور پہاڑی زبان سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی اور مرحوم کی سیاسی خدمات اور زندگی پر روشنی ڈالی ۔اجلاس کے دوران مقررین نے کہا کہ موصوف کی موت نہ صرف کرنا بلکہ پورے جموں وکشمیر کیلئے ایک بڑا نقصان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بڈھانہ متعدد خوبیوں کے مالک تھے اور ان کی سیاسی اور سماجی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ۔مقررین نے کہا کہ بڈھانہ کی سیاسی خدمات کا دائرہ کافی وسیع ہے اور ان کے کارنامے کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ۔مقررین میں میر حیدر ندیم نے بڈھانہ کی موت کو اپنا ذاتی نقصان قرار دیا جبکہ تحصیلدار عبدارشید بٹ نے محروم کی مو ت کو اہل کرناہ کیلئے بڑا نقصان قرار دیا۔اکیڈمی کے شعبہ پہاڑی کے ایڈیٹر کم کلچرل افسر محمد ایوب نعیم کرناہی نے کہا کہ بڈھانہ ایک لامثال شخصیت کا نام تھا۔اجلاس سے عبدالسلام کوثری ،میاں ارشاد قمر ،شبیر احمد خان شمسی ،،خورشید حسین شاہ ، زبیر قریشی اور اشفاق سعید نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔میٹنگ میں جن دیگر شرکاء نے شرکت کی ان میں فاروق احمد ککرو ، پرویز چک ، وقار احمد خان ، محمد ممتاز پوسوال ، شفیق احمد ککرو ، امجد رشید بٹ ، سید رفاقت حسین ،محمد اکبر میراور محمد انظر سمیت دیگراشخاص شامل تھے۔