بڈگام +پلوامہ// بڈگام اور پلوامہ اضلاع میں پیر کوملی ٹینسی کے دو الگ الگ واقعات میں ایک شہری کو گولی مار کر ہلاک اور ایک غیر مقامی مزدور کو زخمی کر دیا گیا۔پولیس نے بتایا، ’’شام 7بجکر 20منٹ کے قریب، ملی ٹینٹوں نے وسطی کشمیر میں بڈگام کے گوتہ پورہ سائیہ بگ گائوں میں واقع ایک 33سالہ نوجوان کو اس کی رہائش گاہ کے نزدیک گولیاں مار دیں۔تجمل محی الدین بری طر ح زخمی ہوا اور اسے فوری طور پر اسپتال لیجایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے بتایا کہ تجمل گھر کے نزدیک ہی دکان پر مرغا لانے گیا جس کے دوران مسلح افراد نے اس پر نزدیک سے فائر کیا جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہوا۔پولیس نے کہا کہ واقعہ کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا اور سیکورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کی۔اسکی ہلاکت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔دوسرا ملی ٹینسی کا واقعہ رات پونے 8بجے پلوامہ کے گانگو گائوں میں پیش آیا۔پولیس نے بتایا کہ گانگو پلوامہ میں سر کیولر روڑ ے نزدیک ہی مشتبہ ملی ٹینٹوں نے بہار سے تعلق رکھنے والے ایک غیر مقامی مزدور بسوجیت کمار ولد پارس مندن پر فائرنگ سے زخمی کردیا۔اسے شدید زخمی حالت میں پہلے ضلع اسپتال پلوامہ اور بعد میں صدر اسپتال سرینگر منتقل کردیا گیا۔یاد رہے کہ دو روز قبل آری ہل پلوامہ میں بجنور اتر پردیش کے محمد اکرام نامی کاریگر کو بھی اسی طرح شام کے وقت گولیاں مار کر زخمی کیا گیا۔ وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔پلوامہ میں غیر کشمیری مزدوروں پر مشتبہ اسلحہ برداروں کے حملوں پر لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے اور اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔بڈگام میں 10مارچ کو سمیر احمد ملہ نامی فوجی ڈرائیور کو اغوا کرنے کے بعد ہلاک کیا گیا تھا۔