اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بھلیسہ واقع گواڑی مارکیٹ میں آتشزدگی میں ہوئے نقصانات پر مقامی لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ آبادی و چار بلاکوں پر مشتمل علاقہ بھلیسہ میں صرف ایک فائر بریگیڈ گاڑی دستیاب ہے۔ سیاسی و سماجی کارکن ریاض احمد زرگر، سیکرٹری انجمن اسلامیہ مولانا عرفان ندوی، سی ای او اوقاف جاوید اقبال زرگر نے کہا کہ آگ بجھانے میں مقامی لوگوں، پولیس ،سیکورٹی فورسز و فائر بریگیڈ عملہ نے کوئی کمی نہیں رکھی لیکن پھر بھی برگیڈ گاڑی کو موقع پر پہنچنے میں آدھے گھنٹے سے زائد کا وقت لگا۔ انہوں نے مانگ کی کہ گواڑی چنگا، گندوہ ،جکیاس بھٹیاس و چلی پنگل کے لئے علیحدہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دستیاب رکھی جائیں،انہوں نے متاثرین کو ہر ممکن مالی امداد کرنے کی بھی مانگ کی، اس دوران ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال نے سب ڈویژنل انتظامیہ کے ہمراہ مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان مطالبات کو حکام تک پہنچا کر ترجیح بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ و ایس ایس پی ڈوڈہ جاوید اقبال نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرکے متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کو ہر ممکن مدد کی جائے گی۔واضح رہے کہ سال 2016_17 میں کاہرہ، باتھری، بھٹیاس ،ملکپورہ ،گندوہ ،گواڑی و اخیار پور میں پیش آئی آگ کی ہولناک وارداتوں میں سینکڑوں دوکانیں خاکستر ہوئیں تھیں اور اسوقت کی انتظامیہ نے عوامی دباؤ کے بعد خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی تھیں لیکن آج تک انکی رپورٹ منظر عام پر نہیں آئی ہے۔