عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// گاندربل ضلع میں سالانہ ہرموکھ گنگ بل یاترا سے قبل ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے ناراناگ کا دورہ کرنے کے علاوہ گنگ بل اور اس سے ملحقہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔انہوں نے یاترا کیلئے کیے گئے انتظامات پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ یاتریوں سے بات چیت کی۔ ڈی جی پی نے ناراناگ مندر اور ناراناگ سپرنگ میں بھی پوجا کی۔ناراناگ میں بات چیت کے دوران اے آئی جی ٹیک منوج کمار پنڈتا، ایس ایس نکھل بورکرمیجر 34 آر آر لویش کمار، ایڈیشنل ایس پی گاندربل اعزاز احمد ملک، ایس ڈی پی او کنگن مظفر جان، 118 بٹالین سی آر پی ایف کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ گگن سنگھ بھی موجود تھے۔
افسران کے ساتھ بات چیت کے دوران ڈی جی پی نے شروع میں ہی انتظامات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ اس موقع پر موجود افسران نے ڈی جی پی کو یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔ڈی جی پی نے یاترا کو آسانی سے چلانے کے لیے اعلیٰ سطح کے تال میل کو برقرار رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ یاترا کے لیے سیکورٹی پروٹوکول کی سختی سے پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یاتریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ راستے اور بیس کیمپ میں تعینات اہلکاروں کو مناسب بریفنگ کے ساتھ انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ڈی جی پی نے کمیونیکیشن نیٹ ورک اور ریٔل ٹائم کوآرڈی نیشن اور معلومات کی ترسیل کو مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ڈی جی پی نے یاتریوں کی ہموار اور پریشانی سے پاک یاترا کے لیے فراہم کردہ خدمات کا بھی جائزہ لیا۔ڈی جی پی نے ناراناگ بیس کیمپ میں یاتریوں سے بھی بات چیت کی اور دستیاب سہولیات اور انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔قابل ذکر ہے کہ 3570 میٹر کی بلندی پر واقع ہرموکھ گنگ بل کی یاترا ہر سال گاندربل ضلع کے کنگن کے علاقے ناراناگ سے شروع ہوتی ہے۔ ناراناگ مندر میں پوجا کرنے کے بعد، عقیدت مند گنگ بل جھیل تک 15 کلومیٹر کا سفر پیدل طے کرتے ہیں، جو ہرموکھ پہاڑی سلسلے میں سطح سمندر سے تقریباً 14500 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔