عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو گنڈ بل بٹوارہ میں دریائے جہلم میں گزشتہ ہفتے کشتی الٹنے کے سانحہ کے متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کی جس میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔حکام نے بتایا کہ وہ ان تین متاثرین کے اہل خانہ سے بھی ملے جو ابھی تک لاپتہ ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ایل جی نے مہلوکین اور لاپتہ متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔بعد میں، ایل جی نے گنڈبل علاقے کا دورہ کیا جہاں یہ واقعہ پیش آیا اور تین لاپتہ افراد کی تلاش کی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔گزشتہ منگل کو 19 افراد کو لے جانے والی ایک کشتی الٹنے کے بعد 6 افراد دریا میں ڈوب گئے جبکہ تین دیگر لاپتہ ہیں۔ دس افراد کو بچا لیا گیا۔جموں و کشمیر حکومت نے کشتی الٹنے کے سانحے کے متاثرین کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی ہے۔