نوشہرہ //نوشہرہ قصبہ کے مکینوں نے میونسپل حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ قصبہ کے نزدیک ہی گندگی کو آگ لگا دی جاتی ہے جس کی وجہ سے ملحقہ علاقہ میں رہائش پذیر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ قصبہ سے جمع کردہ گندگی کو آگ لگنے کی وجہ سے انتہائی ناقص دھواں نکلتا ہے جس کی وجہ سے مختلف بیماروں میں مبتلا مریضوں کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگوں نے انتظامیہ بالخصوص میونسپل حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ قصبہ کے نزدیک ہی کوڑا کرکٹ جمع کر دیا جاتا ہے جبکہ اس گندگی کو کچھ عرصہ میں آگ لگا دی جاتی ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں دھواں پھیل جاتا ہے ۔مقامی لوگوں کی شکایت و ناراضگی کے بعد حکام نے فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گندگی جمع کرنے کیلئے کسی جگہ کا تعین کیا جائے تاکہ عام لوگ متاثر نہ ہوں ۔