گندوہ ٹھاٹھری میں دلدوز حادثہ | 2 سگے بھائی لقمہ اجل، بانہال میں ڈرائیور کی جان گئی

ڈوڈہ +بانہال// ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ میں گذشتہ شب پیش آئے ایک دلدوز سڑک حادثہ میں دو نوجوان بھائی لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ۔ ہفتہ و اتوار کی شب ساڑھے گیارہ بجے کے قریب ایک جے سی بی زیر نمبر JK17-7162 گواڑی سے بھٹیاس آرہا تھا جس دوران دھریوڑی نالہ کے قریب حادثہ کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی موقع پر ہی لقمہ اجل جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوا۔ حادثہ کے فورا بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچے اور متاثرہ افراد کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے مشتاق احمد (22)و اشتیاق احمد (19) ولد عطا محمد شیخ ساکن منوئی بھٹیاس کو مردہ قرار دیا وہیں فرید احمد ساکنہ بگلہ ڈوڈہ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔ڈاکٹروں نے طبی لوازمات مکمل کرکے لاشوں کو آخری رسومات ادا کرنے کے لئے وارثین کے سپرد کیا گی۔بتایا جاتا ہے کہ اشتیاق احمد نے حال ہی میں بارہویں جماعت کا امتحان دیا تھا اور اب کمپیوٹر میں ڈپلومہ کررہا تھاجبکہ مشتاق احمد جے سی بی آپریٹر تھا اور گواڑی بھرتی سڑک سے برف ہٹا کر واپس لوٹنے پر اپنے گھر سے تقریباً چار کلومیٹر پہلے ہی حادثہ کا شکار ہوا۔ادھربانہال بنکوٹ رابطہ سڑک پر ٹرک ڈرائیور لقمہ اجل بنا ۔ پولیس نے بتایا کہ بنکوٹ کے علاقے میں ٹنل تعمیراتی کمپنی کیلئے کچھ مال لیکر آرہا دس پہہ ٹرک کئی روز سے برف اور پھسلن کی وجہ سے بنکوٹ کے مقام پر پھنس کر رہ گیا تھا اور اتوار کے روز ٹرالر کے ڈرائیور منجیت سنگھ ساکن گرداسپور پنچاب نے گاڑی نکالنے کیلئے ایک مقامی ڈرائیور سے مدد طلب کی اور زبیر احمد گیری نامی مقامی ڈرائیور کی مدد سے ٹرک کو آگے بڑھانے کی کوشش کے دوران سائڈ دکھانے والا ٹرک ڈرائیور منجیت سنگھ اس کے پچھلے پہیوں میں پھنس کر موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔