گنائی اور شرما کا ننہ ون بنیادی کیمپ کا دورہ

 اننت ناگ// گورنر کے صلاحکاروں خورشید احمد گنائی اور کے۔ کے شرما نے  ننہ ون بنیادی کیمپ کا دورہ کر کے شری امر ناتھ جی یاترا کے احسن انعقاد کے لئے کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔انہوں نے ایک میٹنگ کے دوران پینے کے پانی، بجلی کی سپلائی، طبی سہولیات کے علاوہ محکمہ خوراک اور دیگر محکموں کی جانب سے کئے جارہے انتظامات کا بھی جائیزہ لیا۔صلاحکاروں نے متعلقہ محکموں کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ یاترا کی شروعات سے پہلے تمام ٹرانزٹ کیمپوں پر انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے اس سے قبل دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں۔مشیروں نے واٹر پروف بروچر تیار کرنے کی ہدایت دی جس کے ذریعے یاتریوں کو یاترا کے تعلق سے ضروری جانکاری فراہم کی جاسکے۔بعد میں خورشید احمد گنائی اور کے کے شرما نے ننون میں طبی مرکز کا دورہ کر کے وہاں سہولیات کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے لنگر والوں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔مشیروں نے یاترا کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے مختلف محکموں کے مابین قریبی تال میل پر زور دیا۔میٹنگ میں ننون بنیادی کیمپ کے ڈائریکٹر امت شرما، کیمپ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کلراج سنگھ، اے ڈی سی اننت ناگ الطاف احمد خان، سی ای او پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر ناصر احمد لون، ایس ڈی ایم پہلگام اور دیگر افسروں کے علاوہ پولیس و سی آر پی ایف کے افسروں نے بھی شرکت کی۔