سرینگر//جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے کہا ہے کہ اگر دفعہ35Aکے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تو اس دفعہ کے دفاع کیلئے ریاستی عوام کسی بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے۔ گلمرگ میں ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر و چیئرمین جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی مبارک گل کی سربراہی میں شمالی کشمیر کا ایک روزہ کنونشن سیاحتی مقام گلمرگ میں منعقد ہوا ۔ کنونشن میں دفعہ35Aکی حفاظت اور دفاع کیلئے کام کرنے پر زوردیتے ہوئے چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع نے کہاکہ دفعہ35Aکی حفاظت اور دفاع ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس سے سابق ڈپٹی کمشنر و صوبائی سیکریٹری نیشنل کانفرنس کشمیر شوکت احمد میر، سوسائٹی کے صوبائی چیئرمین محمد مقبول میر، جنوبی کشمیر کے چیئرمین ڈاکٹر سید محمد شفیع، ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون، مینارٹی سیل کے چیرمین جگجیت سنگھ آزاد، بارایسوسی ایشن شمالی کشمیر بارہمولہ کے ایڈوکیٹ شاہد علی شاہ، سیکریٹری شمالی کشمیر کپوارہ محمد امین پیر،سرپرست تحصیل ٹنگمرگ حاجی عبدالزاق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دفعہ35Aاور دفعہ370کی وجہ سے ریاست جموں وکشمیر کو خصوصی اختیارات حاصل ہیں، اس کے دفاع کیلئے ریاستی عوام ہر طرح کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ مقررین نے سماج میں پھیل رہی برائیوں کو ختم کرنے اور سماج کو صاف ستھرا رکھنے پر زوردیا۔ کنونشن کے اختتام پر مہمان خصوصی مبارک گل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر ایک حقیقت ہے اس کوکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیاجائے۔ بعدمیں سماجی کارکنوں کو ان بہتر کارکردگی پر ایچومینٹ ایوارڈ سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔ مبارک گل نے اپنے عہدیداروں اور سماجی کارکنوں کے ہمراہ گلمرگ گنڈولہ تک صفائی کروائی اور وہاں موجود لوگوںکو سیاحتی مقام گلمرگ کو صاف ستھرا رکھنے پر زوردیا۔