سرینگر// سیاحتی مقام گلمرگ میں اسلامک فریٹرنٹی کادعوتی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔یہ پروگرام 24 دسمبر کو شروع ہوا تھا۔ہر سال گلمرگ میں آنے والے غیر مسلم سیاحوں میں اسلام کے پیغام کو عام کرنے کے لئے یہ پروگرام منظم کیا جارہا ہے۔30 سے زائد رضاکار اور داعی اس پروگرام میں شامل ہوئے اور سینکڑوں غیر مسلم سیاحوں کے ساتھ اسلام اور دیگر مذاہب کے بارے میں بات چیت کی۔انہوں نے مشہور کشمیری قہوا کے ساتھ ان کی خدمت کی اور اسلام کے مزید علم اور تفہیم کے لئے قرآن پاک کے تراجم پیش کئے۔ غیر مسلم سیاحوں نے خوشی سے قرآن کے نسخے قبول کر لئے اور ان کی مہمان نوازی پر رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ممبئی سے معروف اسکالر اور اسپیکر ڈاکٹر شعیب سید کو تنظیم کی طرف سے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا اور وہ آخر تک اس پروگرام کا حصہ رہے۔ انہوں نے غیر مسلم سیاحوں کے متعدد چھوٹے اجتماعات سے خطاب کیا اور انہیں دین اسلام کی دعوت دی۔فریٹرنٹی کے صدرنے کہا کہ یہ پروگرام اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو ختم کرنے اور غیر مسلموں میں اسلام کے اصل پیغام کو پھیلانے کے لئے کئے گئے اقدام کا حصہ تھا۔انہوںنے کہا کہ دو ہزار سے زائد سیاح کشمیری قہوا سے لطف اندوز ہوئے اور ان میں سے ایک بڑی تعداد نے اسلامی لٹریچر لیا ۔گلمرگ مسجد کمیٹی کے دعوت نامے پرتنظیم کے صدرنے جمعہ کا خطبہ دیا جہاں انہوں نے مسلمانوں کے کردار پر زور دیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اسلام کا ماڈل بنیں۔پروگرام کے موقع پر ترجمہ شدہ قرآن کریم کے نئے نسخے کو لانچ کرنے کے لئے ایک چھوٹی سی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں اوقاف کمیٹی جامع مسجد گلمرگ کے صدر ، جامع مسجد گلمرگ کے امام و خطیب مولانا یاسین قاسمی ، سابق ایس ایس پی علی محمد شاہ ، سابق جوائنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل تعلیم ، وسطی کشمیر سے آئی ایف کے سینئر ممبر سید محمد طہ اندرابی سمیت کئی دیگر افراد شامل تھے۔