مشتاق الحسن
سرینگر// آنے والے کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے پیش نظر، حکام نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں گلمرگ اور ٹنگمرگ کے سیاحتی مقام کو “تمباکو فری زون اور دھواں سے پاک سیاحتی علاقے” قرار دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ میں کہا ہے کہ “گلمرگ 2025 میں صحت عامہ/کھیلو انڈیا کے مفاد میں اور تقریب کے دوران پورے گلمرگ اور ٹنگمرگ کو صاف ستھرا رکھنے کے مقصد سے، پورے گلمرگ اور ٹنگمرگ کے علاقے کو “تمباکو فری زون/ سموک فری ٹورسٹ ایریاز” قرار دیا گیا ہے۔اس طرح پورے گلمرگ اور ٹنگمرگ کے علاقوں میں تمباکو نوشی اور تھوکنا ممنوع ہے اور یہ قابل سزا جرم ہے۔اس نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، بارہمولہ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی(جی ڈی اے)، سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ اور چیف میڈیکل آفیسر کے ساتھ مقامی انتظامیہ کو بھی سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔گلمرگ اور ٹنگمرگ میں ہوٹلوں ،ریستوران اور عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پرمکمل پابندی ہوگی۔ اتوار کے روز گلمرگ پولیس نے خلاف ورزی کے مرتکب سگریٹ پینے والوں سے1600 روپیہ کا جرمانہ وصول کیا ۔ پولیس نے عوام الناس اور سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ وہ گلمرگ اور ٹنگمرگ میں سگریٹ نوشی سے پرہیز کریں بصورت دیگر جرمانہ دینے کے لیے تیار رہیں۔