گریزسیکٹرمیں مارے گئے فوجیوں کو خراج عقیدت

سرینگر//فوج نے گریزسیکٹرکے بکتورعلاقہ میں دوسرے روزبھی جنگجومخالف آپریشن جاری رکھاتاہم بدھ کوفائرنگ نہیں ہوئی ۔اس دوران منگل  ایک خونین معرکہ آرائی کے دوران ہلاک ہوئے ایک میجراور3فوجی اہلکاروں کوبادامی باغ فوجی چھائونی میں ایک تعزیتی تقریب کے دوران خراج عقیدت ادا کیا گیا ۔کے این این کے مطابق دفاعی ذرائع نے بتایاکہ منگل کوتاریکی بڑھ جانے کے بعدآپریشن روک دیاگیالیکن علاقہ کوکڑی نگرانی میں رکھنے کے ساتھ ساتھ ایل ائوسی پرچوکسی بڑھادی گئی ۔بدھ کی صبح پھریہاں جنگجومخالف آپریشن شروع کیاگیا،اورپورے جنگل میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی لیکن جنگجوئوں سے کوئی سامنانہیں ہوا۔ادھرسرینگرکی بادامی باغ فوجی چھائونی میںگریزسیکٹرمیں منگل کومارے گئے فوج کے ایک میجراور3اہلکاروں کے اعزازمیں ایک تعزیتی تقریب منعقد کی گئی جس میں فوج کی پندرہویں کورکے سربراہ اورچنارکارپس کے کمانڈرلیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ کے علاوہ کئی اعلیٰ فوجی افسربھی موجودتھے ۔مہلوک اہلکاروں اورافسرکوسلامی دی گئی جبکہ اُنکے تابوتوں پرجنرل بھٹ اوردوسرے فوجی حکام نے گلباری بھی کی ۔اس موقع پرپولیس سربراہ ڈاکٹرایس پی ویداورمختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران بھی موجودتھے اورانہوں نے بھی فوجی اہلکاروںکوسلامی دینے کے بعداُنکے تابوتوں پرگلباری کی ۔