حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر ڈی سی آفس اور ایئر فیلڈ کے قریب واقع گرو نانک دیو چلڈرن پارک کو عوام کی سیر وتفریح کے لئے بنایا گیا ہے تاہم پارک میں جگہ جگہ گندگی اور کوڑا کرکٹ جمع ہونے اور صفائی کے فقدان کے حوالے سے لوگوں نے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔مقامی باشندوں نے بتایاکہ ’’گرو نانک لیڈرن پارک عوام کے لئے راحت و سکون کے چند لمحے گزارنے کی ایک بہترین جگہ ہے، تاہم متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی غیر سنجیدگی کے باعث پارک میں جگہ جگہ گندگی پھیلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارک میں کوڑے دان نہ ہونے کے سبب پلاسٹ کی بوتلیں اور کوڑا کرکٹ جگہ جگہ بکھرا پڑا ہے جس کے سبب پارک کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارک لوگ گندگی پھیلا دیتے ہیں جبکہ پارک میں محکمہ کا عملہ نہ ہونے کے سبب انہیں ٹوکنے والا بھی کوئی نہیں۔شہریوں نے امید کی ہے کہ گرو نانک چلڈرن پارک، پونچھ کی صاف صفائی اور اسکے رکھ رکھاؤ کے لیے جلد ہی ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔