سرینگر/نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے امیرا کدل گرنیڈ حملے میں لقمہ اجل بنی دوشیزہ کے گھر واقع چک صدر بل حضرتبل جاکر سوگواران خصوصاً اُن کے والدین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ان کے ہمراہ صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور سینئر لیڈر آغا سید محمود بھی تھے۔ اس موقع پر مرحومہ کے حق میںدعائے مغفرت کی گئی ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرحومہ کے والدین کی ڈھارس بندھاتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو کروٹ کروٹ جنت عطا کرے اور آپ کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ انہوں نے مرحومہ کے والدین کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ صبر کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس غم میں برابر شریک ہے۔اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گذشتہ روز انتقال کر گئے سینئر وکیل خواجہ جاوید احمد کائوسہ کے گھر واقع پیرباغ سرینگر جاکر اُن کے اہل خانہ اور پسماندگان کی تعزیت پرسی کی ۔انہوں نے مرحوم کے والدر جسٹس محمد حسین کائوسہ کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ اُن کے ہمراہ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمدساگر ،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،پارٹی لیڈر تنویر صادق اور معاون صوبائی ترجمان مدثر شہمیری بھی تھے۔