عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ضلع کے طلباء نے جموں و کشمیر سکولی تعلیم محکمہ سے موجودہ گرمی کی لہر اور درجہ حرارت میں اچانک اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کرنے کی درخواست کی ہے۔ طلبا نے کہا کہ درجہ حرارت میں اضافہ ان کی زندگیوں کو متاثر کر رہا ہے کیونکہ دیہی علاقوں کے طلباء کو اپنے گھر سے سکول تک اور اس کے برعکس کئی کلومیٹر کا سفر ایک ساتھ کرنا پڑتا ہے۔مڈل سٹینڈرڈ، ہائی سٹینڈرڈ اور ہائیر سیکنڈری سٹینڈرڈ میں پڑھنے والے زیادہ تر طلبہ کو بھی تیز دھوپ اور گرمی سے بچانے کے لیے چھتری اٹھائے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ مقامی لوگوں اور والدین بشمول یوگیش ساسن، وپن شرما اور دیگر نے بتایا”گزشتہ ایک ہفتے کے دوران راجوری علاقوں میں درجہ حرارت میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور اس اچانک اضافے نے ہر فرد کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے”۔ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر دیہی علاقوں میں طلبا کوسکول جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کے لیے حکومت کو فوری طور پر گرمیوں کی تعطیلات کا حکم دینا چاہیے۔ بہت سے طلباء جو سکول سے واپس آتے ہوئے چھتری اٹھائے ہوئے دیکھے گئے انہوں نے بھی اپنی حالت زار بیان کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی لہر ان کی پڑھائی کو بری طرح متاثر کر رہی ہے اور ان کے لیے خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں سکولوں سے واپس آنا مشکل ہو رہا ہے۔انہوںنے گرمائی تعطیلات کا اعلان کرنے کی مانگ کی ہے۔