سرینگر //سنیچر کو بھی وادی کے لوگوں کو شدید گرمی سے کوئی راحت نہیںملی اور سرینگر میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ کپوارہ میں دن کا درجہ حرارت پھر 34ڈگری سے زیادہ رہا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کچھ ایک علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 12جولائی کو موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ آج اور کل بیچ بیچ میں بارش بھی ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 12جولائی کو شدید اور موصلادار بارشیں کچھ علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے کا امکان ہے ۔سونم لوٹس کے مطابق آئندہ 1ہفتے تک دن کے درجہ حرارت میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی اور درجہ حرارت بارش کے باوجود 31سے32ڈگری کے آس پاس رہ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پورے جموں وکشمیر میں کپوارہ اس وقت سب سے گرم علاقہ ہے جہاں 34.6ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ گرم موسم کے دوران پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ،اچھے کھانے کھائیں ،میوہ جات کا استعمال کیا جانا چاہئے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ سنیچر کو سرینگر میں درجہ حرارت33.6ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ قاضی گنڈ میں 31.0اور کپوارہ میں 34.6 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلگام میں 28.0 ،کوکرناگ 30.1اور گلمرگ میں 23.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر جموں کے لوگوں نے گرمی کی شدت سے راحت محسوس کی ہے کیونکہ وہاں بارشیں ہوئی ہیں۔ جموں میں سنیچر کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ بانہال میں 28.9ڈگری رہا۔
گرمی کی شدت برقرار، کپوارہ بدستور گرم ترین مقام
