سرینگر//راجوری کدل میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے نوجوانوں کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔سرینگرکے مختلف علاقوں سے گرفتار 9 نوجوانوں کو گزشتہ سال کے آخری ایام میں گرفتار کیا گیااور گزشتہ کئی روز سے یہ افواہیں گشت کر رہی تھیں کہ سبھی نوجوانوں کو ریاستی پولیس نے قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) کے حوالے کر دیا ہے جس کے نتیجے میںگرفتارشدہ نوجوانوں کے افراد خانہ پریشانیوں میں مبتلا ہوگئے ۔ اس دوران گرفتار نوجوانوں کے افراد خانہ ،جن میں خاص کر خواتین شامل تھیں، نے جمعرات کو راجوری کدل میں گرفتار نوجوانوں کی رہائی کیلئے احتجاج کیا۔ احتجاجی خواتین کا کہنا ہے کہ اُن کے گرفتار بچوں کو این اے آئی کے حوالے کیا جارہا ہے۔کے این ایس کے مطابق احتجاج کے دوران خواتین راجوری کدل چوک میں جمع ہوئیں اور سڑک پر دھرنا دیا۔انہوں نے گرفتار شدگان کی رہائی کے حق میں نعرے بلند کئے۔واضح رہے گزشتہ دنوں بھی یہ خبریں آئی تھیں کہ گرفتار نوجوانوں کو این آئی کے حوالے کیا گیاہے تاہم بعد میں پولیس نے اس خبرکی تردید کی ۔ پولیس نے بتایاکہ مذکورہ گرفتار شدگان کیخلاف پولیس سٹیشن کوٹھی باغ میں کیس درج ہے جس کی تحقیقات این اے آئی کر رہی ہے۔یا درہے مذکورہ ملزمان فی الوقت جوڈیشل حراست میں ہیں۔