گرسائی میں منشیات کے سلسلہ میں گرفتاری کی کوشش

 مینڈھر //گرسائی میں منشیات کے سلسلہ میں گرفتاری کیلئے آئے ہو ئے پولیس اہلکاروں اور مقامی لوگوں کے درمیان ہوئے تصادم کے بعد لوگوں نے سرنکوٹ تا مینڈھر سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بندکر تے ہوئے احتجاج کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ایک کار میں تین پولیس اہلکار سیول وردی میں نمودار ہو ئے جنہوں نے ایک نوجوانوں کو گرفتار کر نے کی کوشش کی تاہم اس دوران مقامی لوگوں کی مذمت پر پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائر نگ بھی کی ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کے بعد مبینہ طورپر موقعہ سے بچ نکلنے کی کوشش کی تاہم مقامی لوگوں نے ان کو پکڑ لیا ۔اس دوران مینڈھر انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران نے موقعہ پر پہنچ کر پولیس اہلکاروں کو گرسائی پولیس اسٹیشن میں منتقل کیا اور مظاہرین سے مذکورہ معاملہ پر تفصیلی بات چیت کی جس کے بعد انہوں نے سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھول دیا ۔ایس ایس پی پونچھ نے بتایا کہ منشیات کے کارو بار کے سلسلہ میں پولیس اہلکار کچھ افراد کو گرفتار کر نے کیلئے گئے ہوئے تھے تاہم لواحقین اور مقامی لوگوں نے ان کو حملہ کر دیا جس کے بعد اہلکاروں نے اپنے بچائو کیلئے ہوائی فائرنگ بھی کی ۔