بانہال// رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں چند ایک مقامات پر پتھروں کے گرنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر رہی جس کی وجہ سے مسافر گاڑیاں لمبی قطاروں ٹریفک کام میں پھنس کر رہ گئیں۔ ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز رام بن کے ماروگ علاقے میں پتھروں کے گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری رہا جس کی وجہ سے چھوٹی مسافر گاڑیوں کی دو طرفہ امدورفت کئی گھنٹوں تک متاثر رہی اور ٹریفک کو رک رک کر نکالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرتے پتھروں کو اگرچہ سے وقفے وقفے سے صاف کرکے شاہراہ کو ساتھ ساتھ قابل آمدورفت بنایا گیا تاہم بھاری ٹریفک میں آئے ٹھہراؤ کی وجہ سے ٹریفک کی لمبی قطاروں کا سلسلہ سہ پہر بعد تک جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیر شام تک بیشتر ٹریفک کو کلیئر کیا گیا تھا۔اس دوران بانہال اور رام بن سیکٹر میں منگل شام سے ہلکی بوندا باندی ہوئی اوریہ سلسلہ جاری تھا۔اس دوران دور پہاڑوں پر ہلکی ہلکی برفباری کی بھی اطلاعات ہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق موسم اور سڑک کی بہتر صورتحال کے پیش نظر آج یعنی بدھ کے روز شاہراہ دو طرفہ مسافر گاڑیوں کیلئے بحال رہے گی اور بعد میں مال بردار ٹریفک کو بھی ادہم پور سے سرینگر کی طرف چھوڑ دیا جائیگا۔
بانہال اور ٹنل کے درمیان فورلین سڑک ڈرائیوروں کیلئے رن وے
تیز رفتاری جان لیوا حادثات کا باعث،تاز ہ حادثے میں پلوامہ کی دو خواتین زخمی
محمد تسکین
بانہال // بانہال ریلوے سٹیشن اور فورلین ٹنل کے درمیان فورلین سڑک پر جان لیوا سڑک حادثات کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کے روز دو تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر میں دو خواتین کار سوار مسافر زخمی ہوئے ہیں جنہیں ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقیل کیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ ایک ویگن R زیر نمبر JK-01AC/0137 جموں سے پلوامہ کی طرف آنے کے دوران فورلین شاہراہ ٹول پلازہ کے قریب مخالف سمت سے آرہی کار نمبر سے JK054/016A سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ویگن آر میں سوار دو مسافر زخمی ہوئے اور انہیں پولیس کی مدد سے بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے زخمیوں کی شناخت 48 سالہ عربینہ بیگم زوجہ فیاض احمد اور 8 سالہ عظمی بانو دختر فیاض احمد ساکنان پلوامہ کے طور کی گئی ہے۔ پولیس نے ضابطے کی کاروائی شروع کردی ہے۔واضح رہے کہ بانہال ریلوے سٹیشن سے قاضی گنڈ بانہال فورلین ٹنل کے درمیان جان لیوا سڑک حادثات کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ دنوں ایک انیس سالہ موٹر سائیکل سوار ساحر سلیم لقمہ اجل بن گیا تھا اور اس کا ساتھی سوار چاچا زاد بھائی ابھی بھی شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز سرینگر میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔