پونچھ //گرام سوراج ابھیان کے خصوصی پروگرام کے تحت ’گرے پرویش ‘کا دن منایاگیا جس دوران ڈپٹی کمشنر پونچھ نے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں پردھان منتری آواس یوجنا کے 95مستفید کنندگان کے بینک کھاتوں میں براہ راست 45.70لاکھ روپے منتقل کئے ۔اس پروگرام میں اے سی ڈی پونچھ مختار احمد شیخ اور بلاک ڈیولپمنٹ افسران عاشق رفیق ، قدیر چاڑک ، مصطفی کمال اور اسرار میر 95مستفیدکنندگان بھی موجود تھے ۔ان مستفید کنندگان میں 12کا تعلق بلاک بالاکوٹ سے تھاجبکہ 8بلاک بفلیاز ، 7منڈی ،14منکوٹ ،13مینڈھر،19 ننگالی صاحب ،4پونچھ اور 18بلاک سرنکوٹ سے تھے ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے 50مستفید کنندگان کو نئے تعمیر شدہ مکانات کی چابیاں تھمائیں جو پی ایم اے وائی گرامین کے تحت مالی سال 2016-17کے دوران تعمیر کئے گئے ہیں ۔مکان ملنے پر مستفید کنندگان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ ضلع انتظامیہ کے شکر گزار ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے افسران کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ برس بھی اسی طرح سے اہداف طے کئے جائیں اور اس سکیم سے لوگوںکو زیادہ سے زیادہ فائدہ دیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ گرام سبھائیں منعقد کرکے اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ کوئی بھی مستحق کنبہ اس سکیم کے باہر نہ رہے ۔