سرینگر//جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کے اس حکم کو منسوخ کردیا ہے جس کے تحت بیرون ریاستوں سے خریدی گئی گاڑیوں کی نئی رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس سے قبل عدالت نے دو درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔ جسٹس ونود چیٹرجی کول اور جسٹس علی محمد ماگرے پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے ظہور احمد بٹ اور ارشاد حسین منشی کی طرف سے دائر کی گئی عرضیوں کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔27 مارچ2021 کو جاری سرکیولر کے بعد جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے ایسی گاڑیوں کی ضبطی عمل میں لانے کے بعد مالکان کیساتھ ساتھ ایسی گاڑیوںکاکاروبار کرنے والے درجنوں تاجروںمیں افراتفری اور پریشانی پھیل گئی تھی ۔ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر کے جاری کردہ سرکیولر کو کالعدم کرتے ہوئے ، جسٹس علی محمد ماگرے اور جسٹس ونود چیٹرجی کول پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویڑن بینچ نے جموں و کشمیر حکومت کو موٹر وہیکل ایکٹ 1988 اور سنٹرل موٹر وہیکل رولز1989 کے رول54 پر عمل کرنے کی ہدایت دی جو گاڑیوں کے نئے اندراج کے لئے تفویض کئے گئے ہیں۔ڈویژن بنچ نے استدلال کیا کہ اگر گاڑی ایک بار ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں رجسٹرڈ تھی ، تو اسے کہیں اور دوبارہ رجسٹر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔لیکن جب کوئی گاڑی ایک ریاست میں اندراج شدہ ، کسی دوسری ریاست میں 12 ماہ سے زیادہ عرصہ کے لئے رکھی گئی ہے ، تو مالک اس کی رجسٹریشن اتھارٹی کے پاس درخواست دے گا‘‘۔ عدالت کے مطابق لہٰذا ، موٹر وہیکل ایکٹ کے سیکشن 3 کے تحت گاڑی کی رجسٹریشن کے مقام پر لائف ٹائم ٹیکس عائد کیا جاتا ہے ، صرف اندراج شدہ گاڑی پر عائد نہیں کیا جاسکتا ہے ، محض اس خیال پر کہ کسی گاڑی کو مرکز کے علاقے جموں وکشمیرکے باہر رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔عدالت عالیہ کے ڈویژن بینچ نے واضح کیاکہ موٹر وہیکل ایکٹ کی سیکشن46اور47کے تحت کسی ریاست سے خریدی گئی گاڑی کومالک اپنی ریاست یاعلاقہ کی رجسٹریشن اتھارٹی کے پاس رجسٹریشن کیلئے درخواست دے گا۔ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ، کشمیر کی جانب سے رواں سال27 مارچ کو جاری کردہ سرکیولر کو چیلنج کرنے والی2 درخواستوں کوزیرسماعت لاتے ہوئے عدالت نے یہ ہدایات جاری کیں۔