ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل کے بیشتر علاقوں میں محکمہ بجلی کی جانب سے سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی غائب ہوجانے سے مقامی آبادی کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے محکمہ بجلی کی جانب سے سحری اور افطار کے اوقات میں اچانک بجلی گل کردی جاتی ہے جس سے مغرب اور فجر کی نماز کے ساتھ ساتھ سحری کھانے اور افطاری میں کافی مشکلات درپیش آتے ہیں۔گاندربل کے مضافاتی علاقوں جن میں لری پرنگ، اکہال،نجون،چھترگل ،پرنگ،وسن ،منگام،بونہ زل،ہاری پورہ،اندرون ،یارمقام ،آرہامہ سمیت دیگر درجنوں علاقوں میں برقی رو متاثر ہونے سے ان علاقوں میں ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی کو موم بتیاں جلاکر سحری اور افطاری کرنی پڑتی ہے۔ بونہ زل کے مقامی شہری عبدالحمید شیخ نے بتایا کہ گزشہ ایک ہفتہ سے دوران سحری اور افطار کے اوقات میں اچانک بجلی غائب ہوجاتی ہے اور آدھا گھنٹہ یا ایک گھنٹہ تک بجلی منقطع رہتی ہے ۔اس دوران افطاری اور سحری کھانے میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کا یہ دعویٰ کہ سحری اور افطار کے اوقات میں بلا خلل بجلی سپلائی فراہم کیا جائے گا سراب ثابت ہورہا ہے۔
گاندربل کے کئی علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی
