گاندربل کی بیشتر سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ

گاندربل//ضلع گاندربل کی بیشتر سڑکوںاور گلی کوچوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے جس کے نتیجے میں عوامی حلقوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ گاندربل وائل ،نونر گوٹلی باغ ،ناگہ بل آلسٹینگ،گاندربل بارسو،بارسو صفاپورہ ،گاندربل تولہ مولہ،گاندربل شالہ بگ ژھندھنہ،پرنگ چھترگل اورپرنگ بابا نگری سڑکیں خستہ ہوچکی ہیں۔اتنا ہی نہیں مرکزی شاہراہ بیہامہ چوک سے ناگہ بل چوک تک سڑک پر جگہ جگہ کھڈ بن چکے ہیں جو بارشوں میں جھیل کامنظرپیش کرتی ہیں۔اس دوران بیہامہ چوک میں سیول سوسائٹی گاندربل اور ٹریڈرس فیڈریشن گاندربل سے وابستہ افراد نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر ضلع انتظامیہ کے خلاف خاموش احتجاج کیا۔اس موقع پر ٹریڈرس فیڈریشن گاندربل کے صدر غلام حسن پرہ اور سیول سوسائٹی گاندربل کے ایڈوکیٹ عابد حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ’بیہامہ چوک سے ناگہ بل تک چار کلومیٹر شاہراہ کی خستہ حالت کی وجہ سے روزانہ ٹریفک جام لگتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں ناگہ بل بی ہامہ تک شاہراہ کی کشادگی کا کام شروع کیا گیا جس میں کئی سال صرف ہونگے لیکن تب تک شاہراہوں کو قابل استعمال بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میںضلع ترقیاتی کمشنر کوآگاہ کیا گیا لیکن صورتحال جوں کی توں ہے۔