گاندربل//ایک سال سے زائد عرصے کے بعد گاندربل ضلع میں 4جی انٹر نیٹ کی بحالی سے مقامی لوگوں،طلاب اور تاجروں میں خوشی کی لہردوڑگئی ہے۔گزشتہ رات گاندربل میں تمام مواصلاتی کمپنیوںنے سرکاری حکم کی تعمیل میں 4انٹر نیٹ سروس بحال کی ،تاہم طلاب کے مطابق صرف دواضلاع میں 4جی رفتار بحال کر نے سے ابھی کچھ دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ادھر تجارت پیشہ افراد نے بھی مواصلاتی کمپنیوں کی طرف سے فورجی خدمات ضلع میں بحال کرنے پرخوشی کااظہار کیا ہے ۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے محمد شاہد اقبال نامی سیکنڈ ایر طالب علم نے کہا کہ گاندربل میں 4 جی انٹرنیٹ رفتار بحال کرنے سے پڑھائی میں کافی آسانیاں پیدا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے کافی وقت لگتا تھا کوئی بھی ایپلیکیشن کھولنے میں یا فارم وغیرہ بھرنے میں، اب چند سیکنڈمیں سب کام ہوجائے گا۔انہوں نے کہا لیکن ابھی کچھ دشواری پیش آرہی ہیں۔شفاعت احمد نامی ٹھیکیدار کے مطابق ٹینڈر ڈالنے اور کاغذات جمع کرنے میں 4 جی رفتار بحال کرنے کے بعداب بہت کم وقت لگے گا ۔انہوں نے کہا کہ لیکن ابھی مسئلہ ہے کہ دیگر اضلاع میں 4 جی انٹرنیٹ رفتار نہ ہونے سے ٹینڈر وغیرہ بھرنے میں دشواریاں پیش آسکتی ہیں ۔