گاندربل//گاندربل سے ملحقہ شادی پورہ میں پولیس نے بہت بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے چوری شدہ گاڑیاں فروخت کرنے والوں کے ایک گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے اس میں ملوث پانچ ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی اور ان کے قبضے سے پانچ چوری شدہ گاڑیاں ضبط کیں،جو ملک کے مختلف حصوں سے چوری کی گئی تھیں۔تفصیلات کے مطابق سال 2021 میں گاڑی چوری کے ایک معاملے میں مقدمہ زیر نمبر 231/2021 درج کرکے پولیس کی جانب سے تحقیقات کو تیز کرنے کے لئے ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر نے انچارج پولیس چوکی شادی پورہ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔جس کی نگرانی ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر گاندربل کررہے تھے۔تشکیل دی گئی ٹیم نے 5 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے پانچ گاڑیاں برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی۔پانچ ملزمان کی شناخت ریاض احمد ولد راجن، ریاض احمد راتھر ولد عبدالغنی،شوکت احمد ولد حبیب اللہ ،بلال احمد ڈنگہ ولد بشیر احمد ،.سخی راتھر ولد غلام رسول کو گرفتار کیااوران کی نشاندہی پرجن گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ان میں ہونڈائی کریٹا،وٹارہ بریزا ،گرینڈ 120 ہونڈائی،ماروتی سوفٹ،ماروتی آلٹو شامل ہیں۔ مزید کارروائی جاری ہے اور برآمدگی اور گرفتاریاں متوقع ہیں ۔