گاندربل//ضلع گاندربل سے وابستہ پٹواریوں و گرداوروں کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال تیسرے روز میں داخل ہوگئی۔تحصیل دفتر گاندربل میں جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کی برسوں سے زیر التوا پڑی مانگوں کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔پٹوار ایسوسی ایشن جموں و کشمیر کے زیر اہتمام ضلع گاندربل سے وابستہ تمام پٹواریوں اور گرداوروں نے اپنی مانگوں کو پورا کرنے کے حق میں نعرے بازی کی۔اس موقع پر ایسوسی ایشن ضلع گاندربل کے صدرمعراج الدین صوفی اور ایگزیکٹیو ممبر ملک شوکت نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ برسوں سے وہ حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ گریجویٹ پٹواریوں کا گریڈ 2800 کیا جائے ۔انہوں نے کہا ”ہمارا مطالبہ ہے کہ نائب تحصیلدار وں کی براہ راست بھرتی بند کرنا،وقت پر پٹواریوں اور گرداوروں کی ترقیاں ہونی چاہئیںاورپٹوار خانوں کی تعمیرہونی چاہئے۔