گاندربل میں قے و اسہال کی وبا پھوٹ پڑی

 
گاندربل//گاندربل سے ملحقہ علاقے شاہ پورہ، ریشی پورہ اور بدرکونڈ میں دست و قے کے مرض نے وبائی صورت اختیار کرلی ہے۔بدر کونڈ،شاہ پورہ اور ریشی پورہ میں دوسرے روز بھی سینکڑوں افراد دست و قے میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل منتقل کئے گئے۔ریشی پورہ کے مقامی افراد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پورا علاقہ لگاتار دوسرے روز بھی اس بیماری سے متاثر رہا۔ ریشی پورہ کے ہر گھر میں موجود افراد خانہ اس بیماری میں مبتلا ہوچکا ہے۔ڈسٹرکٹ ہسپتال سے وابستہ ڈاکٹر اور نیم طبی عملہ علاقہ میں موجود رہ کر موقع پر ہی دست و قے میں مبتلا افراد کو علاج معالجہ کرتارہاجبکہ ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل کے میڈیکل سپرانڈنٹ ڈاکٹرمعراج الدین نے اس بارے میں بتایا کہ "دوسرے روز بھی اس بیماری میں مبتلا سو سے زائد افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کرنا پڑا ساتھ ہی علاقے میں میڈیکل ٹیم بھی تعینات رہی جنہوں نے دوائی کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر کے متعلق لوگوں کو جانکاری فراہم کی۔انہوں نے کہاکہ جمعرات کو ہی پینے کے پانی کے نمونے حاصل کرکے جانچ کے لئے لیبارٹری روانہ کردئے گئے  ۔