سرینگر// ریاست کے تمام اضلاع میں عربک لنگویج سینٹروں کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کاروان اسلامی کے امیر مولاناغلام رسول حامی نے کہا کہ حضور ﷺ کی مبارک زبان عربی ہے اورقرآن مجید کو عربی میں نازل کیا اور جنتیوں کی زبان بھی بروز قیامت عربی ہی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ قرآن کو صحیح معنوں میں سمجھنے کے لئے عربی کا سیکھنا مسلمانوں کے لئے وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروان اسلامی جہاں اپنے تعلیمی ، اصلاحی،ِٰ سماجی، اخلاقی پروگراموں کو لیکر رواں دواں ہے وہیں پر نوجواں لڑ کوں اور لڑکیوں میں عربی زبان کو فروغ دینے کے لئے ایک مضبوط پروگرام کو بھی عملا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں میں اخلاقی اور روحانی قدروں کا خاتمہ کرنے کی ناپاک کوششوں میں مصروف ہیں اور اب ایک نئے مذموم منصوبے کے تحت مساجد کے لئے مخصوص فرش کو تیار کرکے بازاروں دستیاب رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مساجد کے فرش و فروش خریدتے وقت منتظمین اور عوام الناس اس بات کا مکمل خیال رکھیں کہ ایک گہری سازش کے تحت مساجد کے فروش اور جائے نمازوں پر نقوش کی صورت میں مختلف قسم کے بتوں کی تصاویر کندہ ہوتے ہیں جن سے عبادت میں نہ صرف خلل بلکہ اسلامی اصولوں اور قدروں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ بازاروں میں بکنے والے مختلف چیزوں کے خریدنے کے وقت بھی اس بات کا خیال رکھا جائے۔