گاندربل اور نوپورہ کرناہ میں آگ | رہاشی مکان خاکستر،گائے اور بچھڑا زندہ جل کر ہلاک

گاندربل//گاندربل کے علاقہ وتہ لار کے پختون محلہ میں آگ کی ایک واردات میں گائے اور بچھڑا زندہ جل ہلاک ہوگئے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محمد اعظم خان ولد پیام خان کے گائوخانہ سے صبح کو اچانک آگ نمودار ہوئی اور آناً فاناًگائوخانہ خاکسترہو گیا۔انہوں نے کہاک جب تک آگ پر قابو پالیا گیا تب تک گائوخانہ میں موجود ایک گائے اور اس کا بچھڑا زندہ جل کر ہلاک ہوگئے۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر گاندربل اشفاق جبار نے وتہ لار جاکر متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ سے متاثرین کی امدادکا مطالبہ کیا۔ ادھرسرحدی قصبہ کرناہ کے نوپورہ علاقے میں حمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو آتشزدگی کی ایک واردات میں دو منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ نوپورہ ٹنگڈار میں مرحوم جہانگیر خان کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اس کے شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے۔آگ کی واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فوج، مقامی لوگوں اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے بروقت کارروائی کر کے آگ پر قابو پانے کی کوششں کی تاہم اس واردات میں مرحوم جہانگیر خان کا رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔سب ڈیوژنل مجسٹریٹ کرناہ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے جمعہ کو آگ سے ہوئے نقصان کا جائزہ لینے کے لئے علاقے کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ کنبے کو دس ہزار روپئے کی فوری امداد کا چیک پیش کیا۔جے کے این ایس