راجا ارشاد احمد+فیاض بخاری
گاندربل+بارہمولہ //سماج اور معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے مقصد کے تحت ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا کی ہدایت پر پولیس چوکی شادی پورہ کو معتبر ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ منظور احمد بٹ عرف سیٹھ ولد مرحوم غلام محمد ساکنہ بٹہ وینہ گاندربل نے اپنے پاس کچھ ممنوعہ ادویات رکھی ہوئی ہیں،تاکہ علاقے کے مقامی نوجوانوں کو فروخت کرکے منشیات کے عادی بنایا جائے۔پولیس کے مطابق اطلاعات موصول ہوتے ہی پولیس پارٹی نے پولیس چوکی شادی پورہ کے انچارج عرفان احمد کی سربراہی میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر گاندربل غلام حسن کی نگرانی میں ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی کے دوران ممنوعہ ادویات سائیکو ٹراپک سبسٹنس Supasmoproxyvon- ملزمان کی گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرJK16/0901 سے برآمد کیا گیا۔چھاپہ کے دوران پولیس پارٹی نے ممنوعہ مادہ اور گاڑی کو موقع پر ہی قبضے میں لیا گیاتاہم ملزم فرار ہے پولیس نے اسکے خلاف کیس زیر نمبر/2024 33 درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ادھرمنشیات کی لعنت ختم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے، پولیس نے بارہمولہ میں ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ممنوعہ اشیاء برآمد کی۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایس ایچ او بارہمولہ کی سربراہی میں ایک پولیس پارٹی نے سٹیڈیم کالونی بارہمولہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو روکا جس نے فرار ہونے کی کوشش کی۔اس کی شناخت مبشر احمد بٹ ولد غلام محمد ساکن نجی بھٹ واگورہ کے بطور ہوئی۔ اس کی تلاشی کے دوران 250 گرام ممنوعہ چرس جیسا مادہ برآمد کیا گیا۔ اسے گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن بارہمولہ منتقل کردیا گیا ۔ اس مناسبت سے پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔