کے اے ایس(پری لمنری) امتحانات: تقریباً25,300 اُمیدواروں نے حصہ لیا

سرینگر//جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کی جانب سے ریاست بھر کے65 امتحانی مراکز میں جے اینڈ کے کمبائنڈ مسابقتی(پری لمنری) امتحان2018 کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریباً25300 اُمید واروں نے حصہ لیا۔کنٹرولر ایگزمینیشنز جے کے پی ایس سی خالد مجید کے مطابق یہ امتحان دو سیشنوں میں منعقد کیا گیا ۔ پہلا سیشن صُبح10 بجے سے دوپہر12 بجے اور دوسرا سیشن بعد دوپہر 2 بجے سے شام 4 بجے تک منعقد ہوا۔اس امتحان کے پہلے سیشن میں25354 اُمیدواروں جبکہ دوسرے سیشن میں25310 اُمیدواروں نے حصہ لیا۔ اس طرح سے پہلے سیشن کی مجموعی شرح فیصد72.70 جبکہ دوسرے سیشن کی شرح فیصد72.50 رہی۔انہوں نے کہا کہ34873 اُمیدواروں نے اس امتحان میں حصہ لینے کے لئے درخواستیں دی تھیں۔خالد مجید نے مزید کہا کہ92 سینئر سطح کے کے ایس افسروں نے امتحان کی نگرانی کی جو مختلف اداروں کے پرنسپلوں اور سربراہوں کی نگرانی میں منعقد کئے گئے جنہیں امتحان کے لئے بحیثیت سُپروائزر تعینات کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اننت ناگ، بارہ مو،لہ، ڈوڈہ، کرگل، لیہہ اور راجوری کے سب سینٹروں میں بھی اس امتحان کا انعقاد کیا گیا جن کی نگرانی متعلقہ ڈپٹی کمشنر کر رہے تھے جنہیں بطور کسٹوڈینز/ کوارڈی نیٹنگ سُپروائزرز تعینات کیا گیا تھا۔حساس امتحانی مواد کو امتحانی مراکز تک ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے تعینات کئے گئے مجسٹریٹوں اور پولیس کے تعاون سے پہنچایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جے کے سی سی امتحان2018 جموں وکشمیر پولیس( گزٹیڈ )سروس اور جے اینڈ کے اکاؤنٹس( گزٹیڈ) سروس کے جونیئر سکیل جے اینڈ کے ایڈمنسٹریٹو سروس میں دستیاب70 اسامیوں کو پُرکرنے کے لئے عمل میں لایا گیا ہے۔دریں اثنا پی ایس سی کے چیئرمین لطیف الزماں دیوا نے اس امتحان کو احسن طریقے پر منعقد کرانے کے لئے افسروں اور اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے امتحان کے سلسلے میں جاری کی گئی نوٹیفکیشن/ نوٹس مشتہر کرنے پر  میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔