عمل آوری ایجنسیوں کو کام میں سرعت لانے کی بھٹناگر کی تلقین
جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں کیپکس ( کیپٹل ایکس پنڈیچر) بجٹ 2021-22ء کے تحت شروع کئے گئے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں محکمہ کیپکس بجٹ 2021-22ء کے نئے پولی تکنیک کی صورتحال اور مرکزی اور ریاستی معاونت والی پروجیکٹوں کے تحت کام کے تازہ ترین تفصیلات پر تبادلہ خیال ہوا۔مشیر موصوف نے تفصیلی اور پروجیکٹ وار جائزہ لیا اور تمام کاموں کی صورتحال اور مالی برس 2021-22ء کے دوران شروع کئے گئے منصوبوں کی طبعی اور مالیاتی پیش کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اُنہوں نے متعلقہ اِداروں کے سربراہان سے کہا کہ وہ باقی ماندہ کاموں میں سرعت لائیں تاکہ عمارتوں کو جلد اَز جلد محکمہ کے حوالے کیا جائے۔ابتداً ،ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کیپکس بجٹ 2021-22 کے تحت مالی برس 2021-22 ء کے دوران محکمہ میں سول اور غیر سول کاموں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔مشیر موصوف کو جانکاری دی گئی کہ کیپکس بجٹ 2021-22ء کے تحت منظور شدہ 27.63کروڑ روپے میں سے 23.81کروڑ روپے جاری کئے گئے اور شناخت شدہ سرکاری پولی تکنیک اور آئی ٹی آئیز میں مختلف سول کاموں کی تکمیل کے لئے مختلف عمل آوری ایجنسیوں کے ذریعے 18کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔اِسی طرح جموںوکشمیر یوٹی میں نئی پولی تکنیک کے قیام کے سلسلے میں بھی میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ 234 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی تھی جس میں سے 190.72کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں اور مختلف مکمل شدہ کاموں پر 86کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیورائے بھٹناگر نے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام جاری شدہ رقم باقی ماندہ کاموں کو مکمل کرنے کے لئے خرچ کریں اور مکمل شدہ پروجیکٹوں کو سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کریں ۔ اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں سے کہا کہ باقی ماندہ کاماہ اپریل تک مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کاموں کے تمام اَصل دائرہ کار کی تکمیل کے لئے فنڈس کی دستیابی کا یقین دِلایا اور ایجنسیوں سے کہا کہ وہ اِنتظامیہ ، لیبارٹریوں ، ورکشاپ جیسے کام مکمل کریں تاکہ اِن نئی پولی تکنیک اِداروں میں اِس برس جولائی تک کلاسوں کا آغاز کیا جاسکے۔