کولگام // جنوبی ضلع کولگام کے یاری پورہ کیموہ شاہراہ پر منگل کے روز ایک طاقتور باردودی سرنگ دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔پولیس نے بتایا کہ منگل کی شا م مشتبہ جنگجووں کی جانب سے کیموہ میں زیارت کے نزدیک یاری پورہ روڑ پر سڑک کے کنارے نصب کی گئی ایک بارودی سرنگ زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئی ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف نے کیموہ اور یاری پورہ شاہراہ کے نزدیکی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔جس وقت بارودی سرنگ دھماکہ کیا گیا اس وقت وہاں سے فوجی گاڑیاں گذر رہی تھیں تاہم انہیں کوئی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق یہ کم شدت والا آئی ای ڈی دھماکہ تھا۔ادھرسرینگرکے قمر واری علاقے میں منگل کی صبح اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب سڑک پر ایک مشکوک بیگ دیکھا گیا۔ بیگ دیکھتے ہی ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی اور بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا۔ بم ناکارہ بانے والی ایک ٹیم نے بیگ کو چیک کیا تاہم بیگ میں کوئی قابل اعتراض یا خطرناک چیز نہیں تھی۔ بعد ازاں سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل کو بحال کر دیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ سری نگر کے خواجہ بازار نوہٹہ علاقے میں چار روز قبل ایک مشکوک بیگ سے گرینیڈ بر آمد کیا گیا تھا جس کو بعد میں ناکارہ بنایا گیا۔
کیموہ کولگام میں بارودی سرنگ دھماکہ
