ایم آئی ۔17ہیلی کاپٹر نے شدید زخمیوںکوجموں منتقل کیا
جموں //کشتواڑ حادثے پر فوج نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے شدید زخمیوں میں سے بارہ افراد کو جموں منتقل کیاجہاں ان کا گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال میں علاج چل رہاہے ۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لفٹنٹ کرنل دیوندر آنند نے بتایاکہ حادثے کی اطلاع ملنے پر بھارتی فوج کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر بچائو کارروائیوں میں حصہ لیا اور تمام مسافروںکو گہری کھائی سے نکال کر طبی مرکز تک پہنچایاگیا۔انہوں نے بتایاکہ لگ بھگ صبح دس بجے صوبائی کمشنر جموں نے ایئر فورس سے فوری طور پر زخمیوںکو جموں منتقل کرنے کیلئے مدد کی درخواست کی جس پر ایم آئی ۔ 17ہیلی کاپٹر فراہم کیاگیا جس نے بارہ زخمیوں کو جموں منتقل کرنے میں مدد دی ۔ انہوں نے بتایاکہ باوجود خراب موسمی حالات کے یہ ہیلی کاپٹر وقت پر کشتواڑ پہنچااور شدید زخمیوںکو جموں منتقل کیا ۔
راجپوت سبھا
کشتواڑ// راجپوت سبھا کشتواڑ نے کیشوان میں ہوئے بس حادثہ میں36لوگوں کی موت پرتعزیت کا اظہار کیاہے ۔سبھا کے صدر وجے وزیر نے ایک بیان میں قیمتی جانوں کے نقصان پر لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے سیول اور پولیس انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کشتواڑ کی سڑکوں پر ائور لوڈ گاڑیاں چلتی ہیں جن پر انتظامیہ روک لگانے میں نا کام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 9اپریل کو بھی اسی قسم کا ایک حادثہ پیش آیا تھا لیکن انتظامیہ ایسے حادثات پر روک لگانے میں ناکام رہی ہے۔دریں اثناء سبھا کے سیکریٹری جوگیندر بھنڈاری نے PMGSYمحکمہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے سڑکوں پر بلیک ٹاپ نہیں کیا اور یہ سڑکیں گاڑیوں چلانے کے قابل نہیں ہیں۔
نیشنل کانفرنس
کشتواڑ//سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر اور سابق وزیر سجاد احمد کچلو نے کیشوان میں ہوئے بس حادثہ پرتعزیت کا اظہار کیاجس میں 36لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے حادثہ میں جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے ڈوڈہ ،کشتواڑ،رام بن اضلاع میں متواتر سڑک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت فوری طور سے ٹرانسپورٹ کے افسران،ٹریفک پولیس اور بارڈر روڈ آر گنائزیشن کو ان حادثات میں ہوئی اموات کے لئے ذمہ دار ٹھہرائیں اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ کچلو نے گورنر انتظامیہ سے لواحقین کے حق میں 10لاکھ روپے ایکس گریشا دینے کا مطالبہ کیا ۔
ُپی ڈی پی
ڈوڈہ//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع صدر ڈوڈہ شہاب الحق بٹ نے کیشوان سڑک حادثہ پر گہرے دْکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں بٹ نے بتایا کہ کیشوان میں جو المناک سڑک حادثہ پیش آیا ،اس سے اْن کو بھاری صدمہ پہنچایا ہے ،خطہ چناب میں مسلسل سڑک حادثات تشویش کا باعث ہیں لیکن کچھ دن گزر جانے کے بعد انتظامیہ و متعلقہ حکام پھر خاموش ہو جاتے ہیں جو انتہائی افسوس کا مقام ہے۔ انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کی جان کی حفاظت کو یقینی بنائے اور ساتھ ہی ضلع میں چل رہی گاڑیوں کے معیار کا بھی معائینہ کیاجائے، چونکہ اکثر گاڑیوں کی معیاد ختم ہو گئی ہیں لیکن پھر بھی وہ سڑکوں پر قیمتی انسانی جانوں کے ساتھ کھیل رہی ہیں اس لئے انتظامیہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تاکہ مزید ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے ۔
چنا ب سٹیزن فورم
ڈوڈہ/ /نصیر احمد کھوڑا// چنا ب سٹیزن فورم کی سرپرست اعلیٰ مرزا مظفر بیگ نے خطہ چناب کی ڈوڈہ ، کشتواڑ انتظامیہ کو شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اُن کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ دلدوز حادثات میں قیمتی جانیں آئے روز تلف ہوتی جارہی ہیں مگر بار بار کہنے اور یاد دہانیوں کے باوجود اِن اضلاع کی انتظامیہ ابھی تک حرکت میں نہیں آئی اور سڑک حادثات میں ابھی تک کوئی کمی دیکھنے کو نہیں ملی ۔کشتواڑ کے دلدوز حادثہ پر اُنہوں نے کشتواڑ انتظامیہ کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف باضابطہ طور انکوائری کمیشن بٹھایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ 25سیٹو ں والی گاڑی پر 54لوگوں کا سوار ہوناانتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ مرزا مظفر بیگ نے اس حادثہ ہی میں 36قیمتی جانوں کے تلف ہونے پر غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ اس حادثہ پر اعلیٰ سطح پر انکوائری کروائی جائے اور احتیاط نہ برتنے پر ملوث افسران کے خلاف سخت کاروائی ہو۔
چنا ب ویلی جرنلسٹ ایسوسی ایشن
ڈوڈہ// چنا ب ویلی جرنلسٹ ایسوسی ایشن (CVJA ) کی ایک تعزیتی میٹنگ فیاض احمد پانپوری کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں صحافی اشتیاق ملک کی دادی فاطمہ بیگم کی وفات پر نہایت ہی دُکھ کااظہار کیاگیا۔یا د رہے کہ فاطمہ بیگم مختصر علات کے بعد اپنے آبائی علاقہ میں انتقال کرگئیں۔بتایاجاتا ہے کہ اُن کی عمرلگ بھگ 90برس تھی۔ مرحومہ ایک نیک سیرت ،دیانتداراور اوصاف حمیدہ کی مالک تھیں۔ میٹنگ میں مرحومہ کی حق میں دعائے مغفرت اور اُن کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاگیا۔اس موقعہ پراشتیاق حمد دیو ، ارپن کمار ،سید ریاض احمد ہمدانی ، سعید اللہ رنگریز،محمد اقبال خان، شہزادہ فیروز ،عمر جاوید کھوڑا، نصیر احمد ، پردیپ کمار رانا ،انیل کمار ، پرویز احمد ، محمد اصغر بٹ ، شعیب احمد،عابد حسین و دیگر ان بھی موجو دتھے ۔
ڈگری کالج بانہال میں مشاعرہ منعقد
خاکہ نگاری آزاد ی سے پہلے اور آزادی کے بعد کا اجرا
بانہال //محکمہ اطلاعات رام بن نے عبدالرحیم امہ فائونڈیشن کے اشتراک سے گورنمنٹ ڈگری کالج بانہال میں مشاعرہ منعقد کیا جس میں معروف قلم کار اور شعراء نے شرکت کی ۔ اس تقریب میں ایوب صابر، منشور بانہالی ، ڈاکٹر خالد رسول ،محمد اقبال خان اور پروفیسر شاہجہان گنائی بھی موجو دتھے ۔مشاعرے کے دوران ظہیر بانہالی ، غلام حسن، محمد رفیع، بہار احمد بہار، شوکت احمد ودیگر نوجوان شعراء نے اپنا اپنا کلام پیش ۔انہوں نے یہ کلام اردو، کشمیری اور دیگر مقامی زبانوں میں پیش کیا ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ اس طرح کے پروگرام ثقافت فروغ کیلئے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور خاص طور پر رام بن کے نوجوانوں کو آج کی تقریب سے کافی فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے محکمہ اطلاعات کی سراہناکرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد ہوتے رہنے چاہئیں ۔تقریب کے دوران ڈاکٹر خالد رسول کی اردو کتاب خاکہ نگاری آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد کا اجراء کیاگیا ۔ڈاکٹر خالد نے 2009میں جمو ں یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے اور وہ موجودہ وقت میں محکمہ تعلیم میں لیکچرار کے طور پر تعینات ہیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے موصوف نے کہاکہ ان کی یہ کتاب گریجویشن کے دوسرے سمسٹر کے طلباء کیلئے فائدہ مند رہے گی اور ساتھ ہی جموں یونیورسٹی کیلئے بھی ۔
ڈوڈہ میں کوشل میلے کا انعقاد
ڈوڈہ //ڈوڈہ میں مارڈرن کمپیوٹرز کی طرف سے یک روزہ کوشل میلہ منعقد کیاگیا جس میں مہمان خصوصی ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو افسر اکنامک ری کنسٹرکشن ایجنسی جہانگیر ہاشمی تھے جبکہ ڈاکٹر اختر حسین نے مہمان ذی وقار کے طور پر شرکت کی ۔ اس میلے میں طلباء کو روزگار سکیموں اور ان سے فائدہ حاصل کرنے کے بارے میں بتایاگیا ۔ مقررین نے کہاکہ نوجوان وزیر اعظم کی سکل ڈیولپمنٹ سکیموں سے فائدہ حاصل کرناچاہئے ۔انہیں اس دوران پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا کے بارے میں بھی بتایاگیا۔اس سکیم کے تحت 510بیروزگار نوجوانوں کوکمپیوٹر ، الیکٹریشن، پلمبر،کٹنگ ٹیلرننگ، موبائل ریپیرنگ وغیرہ جیسے کورسز کی تربیت فراہم کی گئی ۔