اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی کشمیر میں کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں حد متارکہ پردر اندازی کی ایک تازہ کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 2ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ کیرن سیکٹر میں 5روز کے دوران در اندازی کی یہ دوسری کوشش ہے ۔ اس سے قبل13جولائی کو مسلح تصادم میں 3ملی ٹینٹ مارے گئے تھے۔لائن آف کنٹرول کے نزدیک اس علاقہ کو پوری طرح گھیرے میں لیکر بڑے پیمانے پر تلاشی کاروائی شروع کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق کیرن سیکٹر میں 6راشٹریہ رائفلز کو ایک خفیہ اطلاع مو صول ہوئی کہ حد متارکہ پر مشکوک ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ در اندازی کی کوشش میں ہے تاکہ وہ اس پار داخل ہونے میں کامیاب ہو سکے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ فوج اور پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیا،تمام راستو ں کو سیل کر دیا اور تلاشی کارروائی شروع کی۔ فوج نے وہا ں چھپے ملی ٹینٹوں کو سرنڈر کرنے کی کوشش کی تاہم انہو ں نے فوج پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی ۔فوج نے دعویٰ کیا کہ جوابی کاروائی میں 2ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا ۔علاقہ کو گھیر ے میں لیکر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے۔واضح رہے کہ کیرن سیکٹر میں 13اور 14 جولائی کی رات اسی طرح کی در اندازی کی کوشش کی گئی جس میں 3ملی ٹینٹوں کو مارا گیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا۔