کیجول ورکروں کی باقاعدگی کے عمل کا جائزہ

 سرینگر//خزانہ اور روزگار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے ایس آر او 520 کے تحت کیجول ورکروں کی نوکریوں کے باقاعدہ بنانے کے جانچ عمل کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی وِیاس ، فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال ، پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری اورتمام محکموں کے انتظامی سیکرٹری موجود تھے۔وزیر نے انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ کیجو ل ورکروں کے معاملات کی جانچ میں تیز ی لا کر انہیں جلد از جلد خزانہ محکمہ کو بھیج دیں۔انہوں نے کہا کہ باقاعدگی کے آڈر مکمل جانچ کے بعد جاری کئے جانے چاہیئے۔انہوں نے سیکرٹیریوں کو ہدایت دی کہ وہ دس دنوں کے اندر اندر یہ معاملات پیش کریںتاکہ باقاعدگی کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ایک معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور تمام لوازمات کو پورا کرنے کے بعد فہرست جاری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایس آر او 520کے تحت باقاعدگی کا ایک باضابطہ لائحہ عمل اختیار کیا گیا ہے اور کسی بھی شخص کو لوازمات پورا کرنے کے بعد ہی باقاعدہ بنایا جائے گا۔الطاف بخاری نے کہا کہ حکومت اس فہرست میں کسی بھی شکایت کو برداشت نہیں کرے گی اور مکمل جانچ کے بعد ہی آڈر جاری کئے جائیں گے۔