سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کل ایس کے سٹیڈیم سونہ وار کا دورہ کر کے گرائونڈ اور دیگر سہولیات کا معائینہ کیا۔چیف سیکرٹری کے ہمراہ صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز ، کمشنر ایس ایم سی اطہر عامر خان اور دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔اُنہوں نے معائینے کے دوران اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ سٹیڈیم کی ترقی کے لئے ہرلحاظ سے جامع منصوبہ تیار کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے اور کھیل بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن کے لئے تمام ضروری اِقدامات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے سٹیڈیم کے گردو نواح پر برہمی کا اِظہار کرتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ وہ سٹیڈیم کے ماحول کو اَچھی طرح سے برقرار رکھیں اور سٹیڈیم کا اگواڑ ا تیار کیا جائے تاکہ وہ چمکدار نظر آئے۔چیف سیکرٹری نے سٹیڈیم کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ سٹیڈیم کی خوبصورتی کے کاموں کی رفتار کو تیز کریں تاکہ اسے مقررہ مدت میں مکمل کیا جاسکے۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو کھیل سرگرمیاں بڑھانے کی بھی ہدایت دی اورکہا کہ سٹیڈیم کو کھیل سرگرمیوں سے بھرپور بنایا جائے۔بعد میں چیف سیکرٹری نے شیر کشمیر اِنڈورسٹیڈیم کا دورہ کیا اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ وہاں تمام کاموں کی اَنجام دہی کے دوران تمام معیار کے پیرامیٹروں کا خیال رکھا جائے۔