بانہال / تحصیل کھڑی کے ریلہ منڈو علاقے میں ایک جواں سال لڑکی ایک پہاڑی سے گر کر لقمہ اجل بن گئی ہے۔ یہ لڑکی جمعہ کے روز مال مویشیوں کو چرانے گئی تھی کہ آکھرن کے ریلہ منڈو علاقے میں اس کا پاؤں پہاڑی سے پھسل گیا اور نیچے کھائی میں گر کر موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئی۔مقامی ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ غالباً جمعہ کی دوپہر پیش آئے اس واقع کی اطلاع لوگوں کو چار بجے ملی اور اطلاع ملتے ہی لوگ جائے حادثہ پر پہنچے لیکن لڑکی کی موت موقع پر ہی واقع ہوچکی تھی۔ انہوں نے لڑکی کی شناخت ملکہ بانو عمر اٹھارہ سال دختر غلام حسین چوہان قوم گوجر ساکنہ آکھرن تحصیل کھڑی کے طور کی گئی ہے۔