کھوڑی ناڑمیں پانی اورصفائی ستھرائی کا مطالبہ

پونچھ //محلہ کھوڑی ناڑ وارڈ نمبر 8 کے لوگوں کا وفد سردار گرمیت سنگھ کی قیادت میں ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ راہل یادو سے ملاقی ہوا۔اس ملاقات کے دوران وفدکے ارکان نے محلہ میں پانی کی قلت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کو بتایا کہ ان کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کم مقدار میں ہی سہی مگر پہلے دوسرے تیسرے روز پانی آجاتاتھا لیکن پچھلے تین چار ماہ سے ان کوپانی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے وہ بے حد پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازم اور افسروں سے اس بارے میں شکایت کی جائے تو وہ ان سنی کردیتے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ کے ایکسن کے دفتر میں جائو تو موصوف وہاں ہوتے ہی نہیں ۔وفد کے مسائل سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے محکمہ کے افسران کو فون کرکے پانی کی سپلائی کی فراہمی کی ہدایت دی اور یقین دلایاکہ محلہ کھوڑی ناڑ کے عوام کا یہ مسئلہ جلد حل کرلیاجائے گا۔ مقامی لوگوں نے انتباہ دیاکہ اگر پانی کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو وہ احتجاج شروع کردیں گے ۔دریں اثناء محلے کے ایک وفد نے وارڈ کے کونسلر کی قیادت میں میونسپل کونسل کے نومنتخب چیئرمین اور ای او سے ملاقات کرکے محلہ میں صفائی ستھرائی نہ ہونے کی شکایت کی ۔اس دوران وفد کے ارکان نے بتایاکہ محلہ میں تعینات صفائی کرمچاری اپنے فرائض انجام نہیں دے رہے جس کے نتیجہ میں نالیاں گندگی سے بھری پڑی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کچھ نالیاں ٹوٹی ہوئی ہیں جن کی فوری طور پر مرمت کروائی جائے ۔انہوں نے محلہ میں سٹریٹ لائٹوں کی تنصیب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ رات کو چلنے میں دشواری آتی ہے ۔میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ایڈووکیٹ سنیل کمار شرمانے کہا کہ وہ ان کے تمام مطالبات حل کریں گے۔