عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی میں جمعرات کو صبح سے ہی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی جس سے لوگوں کو مختلف مقامات جیسے دکانوں کے تھڑوں، صحنوں اور پارکوں میں بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔وادی میں جاری خشک موسمی صورتحال اور بارشوں کی کمی سے کسان طبقہ پریشان ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بارشوں کی کمی سے موسم گرما میں پانی کی شدید کمی پیدا ہوسکتی ہے جس سے فصلوں کو نقصان کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 13 سے 15 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 16 فروری کو مطلع جزی یا کلی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران شام کو کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ 17 اور 18 فروری کو بھی موسم کی کم و بیش یہی صورتحال رہ سکتی ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ 19 اور 20 فروری کو موس ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ 21 اور 22 فروری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔ 21 فروری تک بھی موسم خشک رہنے کی ہی توقع ہے تاہم اس دوران مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں مختلف اوقات کے دوران ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ موسم خشک رہنے کی صورت میں شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے ۔اس دوران گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔