راجوری // کوٹرنکہ کے کھا جمولہ پنچایت میں کانگریس کے سینئر لیڈر ایڈووکیٹ مسعود چودھری نے ورکران کی میٹنگ لی ۔اس موقعہ پر انہوںنے بولتے ہوئے کہا کہ ریاستی مخلوط سرکار دورافتادہ علاقوں میں کہیں بھی نظر نہیں آرہی اور لوگوں کو ایک دوسرے کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخاب 2014میں جو وعدے عوام سے مخلوط سرکار کے کارندوں نے کئے تھے ،آج ان کے برعکس دیکھا جارہا ہے جبکہ لوگ بنیادی سہولیات کے فقدان سے سخت مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ووٹ بنک کے طور پراستعمال کیا جانا نہایت ہی افسوسناک ہے ۔ چودھری مسعود نے کہا کہ پورے ملک کو کانگریس جماعت نے ایک ایسی ترقی کی طرف گامزن کیا جوبیرون ممالک میں فخر کا باعث تھا لیکن پچھلے چار سال میںملک کو ایک ایسی طرف لیجایا جارہا ہے جہاں امن وامان کا شیرازہ بکھیر دیا گیا ہے اور لوگ اب ایک دوسرے سے خوف کھانے لگے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو پھر سے پٹری پر لانے کے لئے عوام کو کانگریس جماعت کا بھر پور ساتھ دینا ہوگا ۔ان کاکہناتھاکہ پی ڈی پی نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا جو نعرہ لگایا تھا وہ اب سراب ثابت ہوچکا ہے اورنوجوان موجودہ مخلوط سرکار سے تنگ آکر سراپا احتجاج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ حلقہ انتخاب درہال کی خستہ حالی کا نوٹس لے اور تعمیروترقی کے کام کاج پر توجہ دے ۔