کھانڈ پر سبسڈی کا خاتمہ افسوسناک :شہناز گنائی

پونچھ //نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر و سابق ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی نے کھانڈ پر دی جارہی سبسڈی ختم کرنے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ ریاست کے 74لاکھ غریبوں کے ساتھ ناانصافی ہے ۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شہناز نے کہاکہ اس فیصلہ سے غریب مزید متاثر ہوں گے اور ان کیلئے کھانڈ کی خرید کافی مشکل ہوجائے گی ۔انہوں نے کہاکہ حکام نے یہ انتہائی مایوس کن فیصلہ لیاہے اوراس سے ریاستی انتظامی کونسل جیسے ادارے پر آنچ آئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ یہ فیصلہ محکمہ خوراک ، شہری رسدات و عوامی تقسیم کاری نے محکمہ فائنانس کی رضا مندی سے لیاہے اور اس فیصلے کو ریاستی انتظامی کونسل کے سامنے پیش کیاجاناچاہئے ۔انہوں نے کہاکہ جب ہماچل پردیش اور تامل ناڈو کی حکومتوں نے سبسڈی ختم نہیں کی تو کیوں جموں و کشمیر میں ایسا کیاگیا ۔انہوں نے کہاکہ یہ بڑی بدقسمتی کا باعث ہے ۔گنائی نے کہاکہ ریاست پہلے سے ہی مشکل حالات کاسامناکررہی ہے اور اس فیصلے سے لوگوں میں غم و غصہ مزید بڑھے گا اور انہیں مزید اندھیرے میں دھکیلا جارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور کھانڈ پر سبسڈی جاری رکھی جائے ۔