سرینگر//پولیس نے سنیچر کو دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے شمالی ضلع کپوارہ کے کرالہ پورہ میں جنگجوﺅں کے دو حمایتیوں کو گرفتار کرکے اُن کے قبضے سے 65کروڑ روپے مالیت کی منشیات اور اسلحہ و گولہ بارودبر آمدکیا۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق ایس ایس پی کپوارہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج کی17آر آر کے ہمراہ ایک آپریشن کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا گیا جو منشیات اور اسلحہ و گولہ بارود لیجارہے تھے۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت38 سالہ منظور احمد لون ولد غلام محمد لون ساکن لالپورہ، بجہامہ اور 40سالہ غلام محمد لون ولد عبدلرحیم لون ساکن لچھی پورہ بارہمولہ کے طور کی۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے13.5کلو گرام منشیات ضبط کی گئی جس کی قیمت65کروڑ روپے بنتی ہے۔
اس کے علاوہ گرفتار شدگان سے 2 پستول، 4 پستول میگزین،55پستول کی گولیاں،4گرینیڈ اور10ڈٹیٹو نیٹر بر آمد کئے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار شدگان پاکستان میں موجود جنگجو لیڈران کی ایما پر کام کررہے تھے اور وہ منشیات اور اسلحہ کی تجارت میں ملوث رہے ہیں۔
اس ضمن میں پولیس سٹیشن کرالہ پورہ میں متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔