کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے سر حدی علاقو ں کو جانے والی سڑکیں بھاری برف باری کے بعد گزشتہ 50روز سے بند پڑی ہیں جس کے نتیجے میں ان علاقوں کے درماندہ مسافر شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔اس دوران ضلع میں 4روز کے وقفے کے بعد دو بارہ برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ۔گذشتہ مہینے ضلع کپوارہ میں بھی بھاری برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں سرحدی آبادی وادی سے منقطع ہوئی ۔ان علاقوں میں اگرچہ چوکی بل کرناہ سڑک کو بھاری برف باری کے بعد دو بار گا ڑیو ں کی آ مد و رفت کے لئے کھول دیا گیا لیکن گزشتہ20روز سے یہ سڑک بھی مسلسل بند پڑی ہے ۔ان علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار روز سے موسم میں بہتری آئی ہے لیکن ان سڑکو ں پر برف ہٹانے کاکام مکمل نہیں کیا گیا ۔کیرن ،مژھل اور جمہ گنڈ کے درماندہ مسافرو ں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے اہل خانہ سے کوئی رابطہ تک نہیں ہے جبکہ کرناہ کے درماندہ مسافرو ں جو کپوارہ میں درماندہ ہیں ،کا کہنا ہے کہ سرکار نے بھاری برف باری کے بعد صرف 3بار ہیلی کا پٹر سروس چلائی جبکہ درماندہ مسافر سرینگر سے لیکر کپوارہ تک در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔ ایک درماندہ مسافر محمد اسماعیل نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا ’’میں اپنے ساتھ اپنی بیمار بیوی کو علاج و معالجہ کے لئے سرینگر آ یا ہوا تھا اور جب برف باری کے بعد سڑکیں بند ہوگئیں تو وہ کپوارہ میں ہی پھنس گئے اور تاحال یہا ں ہی ایک دوست نے پناہ دی ہے‘‘۔ انہو ں نے کہا ’’ میں نے ہیلی کاپٹر سروس کے لئے نمبر شمار 76اور77کیلئے 18فروی کو کرایہ بھی ادا کر کے ٹکٹ بھی حاصل کی اور میرے ساتھ مزید لوگو ں نے بھی کئی روز قبل ٹکٹ حاصل کئے لیکن ابھی تک ہیلی کاپٹر اڑان نہ بھر سکا جس کے باعث ان کی پریشانیو ں میں مزید اضافہ ہو ا ہے ۔کیرن ،کرناہ ،مژھل اور جمہ گنڈ کے ان درماندہ مسافرو ں کا کہنا ہے کہ جب سے وادی میں پلوامہ حملہ کے بعد فوجی جمائو بڑھا دیا گیا وہ تشویش میں مبتلا ہیں ۔انہو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور ان علاقوں کے لئے ہیلی کا پٹر سروس شروع کر کے درماندہ مسافرو ں کو گھر وں کو پہنچانے کیلئے اقدامات کریں ۔ ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی ان علاقوں کو جانے والی سڑکو ں پر برف ہٹانے کاکام شروع کیا گیا لیکن کھلی دھوپ کی وجہ سے بیکن عملہ بڑی ہو شیاری سے کام کرتا ہے کیونکہ ان علاقوں میں پسیا ں گر آنے کا قوی امکان ہے۔اسسٹنٹ کمشنر رینو کپوارہ بشیر احمد بٹ نے بتا یا کہ ضلع انتظامیہ نے اتوار سے ان علاقوں کے لئے ہیلی کاپٹر سروس چالو کرنے کا فیصلہ لیا تھا لیکن موسم ناساز گار ہونے کی وجہ سے وہ اڑان نہ بھر سکا ۔