کپوارہ میں عوام دشمن عناصرکیلئے کوئی جگہ نہیں سجاد لون کیخلاف عدالت جا ؤں گا :انجینئر رشید

File Image

اشرف چراغ

کپوارہ// عوامی اتحاد پارٹی کے سر براہ انجینئر رشید نے منگل کو کہا کہ کپوارہ کی سر زمین پر عوام دشمن عناصرکیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ممبر پارلیمنٹ اور عوامی اتحاد پارٹی کے سر براہ انجینئر رشید کا جیل سے رہائی کے بعد یہ اپنے آبائی ضلع کپوارہ کا پہلا دورہ ہے۔انہیں کلنگام سے کپوارہ تک گاڑیو ں کے ایک بڑے کاروان میں لایا گیا جہا ں انہو ں نے ہائر سکینڈری سکول کے صحن میں ایک بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی اب کرناہ سے لیکر لکھن پور تک لوگو ں کی آ واز ابھر کر سامنے آئی ہے۔انہو ں نے کہا ’’ سجاد غنی لون کے الزامات بے بنیاد ہیں اور میں ان کے خلاف دلی کی عدالت میں کیس دائر کرو ں گا کہ میں کب 2ماہ جیل سے باہر تھا‘‘ ۔انہو ں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنا بیان دیکر اپنا قد نیچا کیا ۔اے آئی پی چیف نے کہا کہ اسمبلی الیکشن میں ان کی پارٹی کی جیت یقینی بن گئی ہے اور جس طرح سے لوگوںنے جنوبی کشمیر سے لیکر شمالی کشمیرتک اپنا اعتماد دیا اس سے صاف ظاہر ہے کہ لوگو ں نے روایتی سیاست کو خیر باد کیا اور عوامی اتحاد پارٹی کو اپنا بھر پور ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں ۔انجینئر رشید نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں لوگو ں کی جانب سے عوامی اتحاد پارٹی کی بڑھتی مقبولیت سے خوف زدہ ہو گئے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی لوگو ں کی آ وازبن گئی ہے اور اس آ واز کو اب کوئی بھی دبا نہیں سکتا ۔انہو ں نے کہا ’’کپوارہ کے باشندوں نے جس طرح پاریمانی الیکشن میں میرے حق میں ووٹ دیا اس کا مجھے بہت احساس ہے‘‘ ۔انہو ں نے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے پارٹی نے جنوبی کشمیر کے علاوہ شمالی کشمیر میں اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں اور لوگو ں کو ان کی پارٹی پر مکمل اعتماد ہے ۔انہو ں نے کہا کہ لوگ اسمبلی الیکشن میں اس پارٹی کو اپنا ووٹ دیکر ہر جگہ کامیاب بنائیں ۔