کپوارہ//کووِڈ- 19کے پھیلائو کوروکنے کیلئے کپوارہ ضلع میں سہ روزہ لاک ڈائون کے پہلے دن اتوار کوسخت پابندیا ں عائد کی گئیںجن کے نتیجے میں پورے ضلع میں لوگوں کی نقل وحمل متاثررہی اورسڑکوں پر سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی غائب رہا۔ضلع میں کووِڈ- 19کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ضلع مجسٹریٹ نے گزشتہ روزایک حکم جاری کیا جس میں پورے ضلع میں سہ روزہ لاک ڈائون نافذ کرنے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کیاگیا۔اتوار کی صبح کو ضلع کے لنگیٹ ،کرالہ گنڈ ،ہندوارہ ،کولنگام ،چوگل ،لولاب ،کپوارہ ،ترہگام ،کرالہ پورہ اور ویلگام علاقوں کی سڑکو ں پر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا جبکہ سڑکو ں پر خار دار تار بچھا دی گئی اور لوگو ں کی نقل وحمل کو محدودکر دیا گیا ۔ضلع میں لاک ڈائون کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج اور کارو باری سر گرمیا ں ٹھپ ہو کر رہ گئیں ۔